-->

Type something and hit enter

ads here
By On
advertise here
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 31 دسمبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں زبردست بیٹنگ فارم محمد حفیظ کو ٹیسٹ ٹیم میں بھی واپس لے آئی ہے۔
وہ جمعرات کے روز مصباح الحق کی قیادت میں اعلان کردہ پندرہ رکنی ٹیم میں شامل کرلیے گئے ہیں۔
محمد حفیظ نے سری لنکا کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے چار میچز میں تین سنچریاں سکور کرڈالی ہیں۔
وہ ٹیسٹ میچوں میں مایوس کن کارکردگی کے سبب جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ کیے گئے تھے۔
فاسٹ بولر عمرگل کی گھٹنے کے آپریشن کے بعد ون ڈے سیریز میں قابل ذکر کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انھیں ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
فاسٹ بولر محمد طلحہ ڈومیسٹک کرکٹ کی عمدہ کارکردگی کی بنا پر سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
سلیکٹرز نے اظہرعلی کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے جو اس سال ٹیسٹ میچز میں خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں اور 14 اننگز میں صرف دو نصف سنچریاں سکور کرسکے ہیں۔
وکٹ کیپنگ میں سلیکٹرز نے عدنان اکمل پر ایک بار پھر اعتماد ظاہرکیا ہے جن کی وکٹ کیپنگ میں کارکردگی عمدہ رہی ہے لیکن بیٹنگ میں وہ نچلے نمبر پر آ کر قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا پائے ہیں۔
اوپنرز کے طور پر خرم منظور اور شان مسعود نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ دونوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بالترتیب 146 اور 75 رنز بنائے تھے لیکن اگلی تین اننگز میں وہ بری طرح ناکام رہے تھے۔ خرم منظور دبئی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:۔ مصباح الحق ( کپتان)، خرم منظور، شان مسعود، احمد شہزاد، محمد حفیظ، اظہرعلی، یونس خان، اسد شفیق، عدنان اکمل، سعید اجمل، عبدالرحمن، عمرگل، جنید خان، راحت علی اور محمد طلحہ۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 31 دسمبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ٹیسٹ آٹھ جنوری سے دبئی میں اور تیسرا ٹیسٹ 16 جنوری سے شارجہ میں ہوگا۔

Click to comment