-->

Type something and hit enter

ads here
By On
advertise here

پاکستان کرکٹ بورڈ نے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کو دبئی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ٹرینر ڈیل نیلر اور ڈاکٹر فیصل حیات کے ساتھ اپنی فٹنس کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔
یاد رہے کہ محمد عرفان جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں طویل بولنگ کے نتیجے میں کولہے میں شدید تکلیف کے سبب ان فٹ ہوگئے تھے۔
محمد عرفان نے دو ٹیسٹ میچوں میں پنسٹھ اعشاریہ پانچ اوورز بولنگ کی تھی جبکہ پانچ ون ڈے میں انھوں نے اڑتالیس اوورز کیے تھے۔ پہلے ٹوئنٹی میچ میں وہ صرف دو اوورز کرسکے تھے اور عام خیال یہی تھا کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انھیں آرام دیا جائے گا لیکن ڈاکٹر کی ہدایت کے باوجود ٹیم منیجمنٹ نے انھیں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کھلانے کا خطرہ مول لیا اور وہ دوسرے ہی اوور میں ان فٹ ہوکر میدان سے باہر جانے پر مجبور ہوگئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ محمد عرفان اٹھائیس دسمبر کو دبئی جائیں گے جہاں وہ ڈیل نیلر اور ڈاکٹر فیصل کی نگرانی میں اپنی فٹنس دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کرینگے تاہم فوری طور پر ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں ہے۔
محمد عرفان چار ٹیسٹ میچز میں دس اور ستائیس ون ڈے انٹرنیشنل میں انتالیس وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ محمد عرفان کے ان فٹ ہونے کے بعد فاسٹ بولرز بلاول بھٹی ۔ انور علی اور محمد طلحہ کو ٹیم میں شامل کرچکا ہے۔

Click to comment